Academics

[Academics][bleft]

Development

[Development][bleft]

Achievements

[Achievements][bsummary]

Administration

[Administration][bleft]

Culture

[Culture][bleft]

Events

[Events][bleft]

پیامِ سرسید | پروفیسر حیات عامر حسینی

عرضِ مرتب
سرسید ایک تحریک، تنظیم، حرکت وعمل، انقلاب اور ایک حیات آفریں اجتہاد وآگہی اور زندگی کو برتنے کے ایک نئے اور پُروقار انداز کا نام ہے
آپ مسلمانان ہند بالخصوص اور مسلمانان عالم کے لیے بالعموم ایک نئے پیغام، نئی حرکت، جہدوعمل اور نشاۃ الثانیہ کا پیغام لائے اور اسے ایک مسلسل جدوجہد اور ان تھک محنت سے ملت کی رگ وپے ہیں جگاگئے۔ ایسی عبقری وانقلابی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں، ان کے راستوں میں کانٹے بچھائے جاتے ہیں جنہیں وہ اپنے عزم وعمل اور اپنی بے لوث محبت سے پھولوں میں بدل دیتے ہیں۔ پر خار راستے ان کے جہدوعمل کے لیے ایک مہمیز اور تازہ خون کا عنوان بن جاتے ہیں۔ وہ تاریخ کانہ صرف ایک اہم سنگ میل بلکہ خود ایک تاریخ اور تاریخ ساز محور بن جاتے ہیں۔سرسید پر ہزاروں صفحات لکھے گئے اور لکھے جائیں گے۔
پروفیسر عارف اسلام سرسیدکے عاشق ہیں علی گڑہ کے شعبہ شماریات میں پروفیسر ہیں جب بھی ان سے ملاقات ہوتی، وہ ہمیشہ مجھ سے یہ کہنے سے نہیں چوکتے کہ کسی شاعر نے سرسید کا حق ادا نہیں کیا اور نہ ان کے پیغام وعمل کی روح کو پیش کیا۔
بارہا آپ نے مجھ سے سرسید پر لکھنے کا تقاضا کیا یہ نظم ان کے بار بار اصرار کا ہی نتیجہ ہے۔ میں ان کا ممنون ہوں کہ انھوں نے سرسید پر لکھنے کے لیے مجھے متوجہ کیا۔
نظم کیسی ہے؟ کیا یہ سرسید کے پیغام وعمل کو پیش کرپاتی ہے؟ اس کا فیصلہ میں قارئین اور تاریخ پر چھوڑ دیتاہوں۔ 
والسلام علی من التبع الہدی 

حیات عامر حسینی

شعبہ فلسفہ، مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ


پیامِ سرسید

سید والا رئیس کارواں
ہم نشیں زاہدان وعاشقاں

سایۂ موج صبا دست شفا
تابش نور مبیں ساز و صدا

ہم نشین رفتگان وعارفان
ہم زبان صادقین و تشنگان

نکتۂ پرکار حق دست جلیل
نازش نظم وفا بیت خلیل

موجۂ پیکار و اصل رقص زیست
سطوت اظہار و فصل رقص زیست

مرکز حرف رضا جست قضا
شہہ پر انوار و تسلیم ورضا

نور حیدرؑ پیکر نور حسینؑ
مظہر لطف وسخا پور حسینؑ

واقف اسرار دین سامری
یا رموز کفر و شرک و زرگری

راکب افلاک عقل جاوداں
تابش انوار رمز ضوفشاں

آں حریف مرکز دجل ونفاق
آں حلیف نوریاں نظم رواق

قاطع جہل وشقا زشت وشتم
حامل عزم و وفا صبرو کرم

جس نے سکھلائے رموزِ شرک ودین
معنئ رمز وفا، شرح متین

سلطنت ، تہذیب نو عقل سلیم
ہے نہاد زندگی دست کلیم

ہے شعور زندگی اصل رضا
ہے شعور بندگی اصل قضا

تشنگی موج فسونِ زندگی
کشمکش جوش جنونِ زندگی

بزدلی ، بے رونقی، بے غیرتی
مفلسی ، بے مائیگی ناراحتی

پیکر صدق وصفا عزم جلیل
مرکز فہم رسا ابن خلیلؑ

گفتن او مصدر صدق ویقین
مرکز روح عمل، جست مبین

کس نے بخشی قوم کو پھر زندگی
لکھ دئیے کس نے رموزِ دلبری

کس نے تھاما پرچم رقص وجنوں
کس نے کھولا قصہ دشت فسوں

منتشر اوراق کو یک جا کیا
چاک دامانی تجھے کس نے سیا؟

کس نے بھر دیں آندھیاں رفتار میں
کس نے گھولی شوخیاں گفتار میں؟

کس نے کھولے پر نئے اظہار کے
کس نے کھولے در نئے اسرار کے

آگہی کیا، عشق کے اسرار کیا؟
عقل کیا اور عقل کے انوار کیا؟

کس نے ملت کودکھائی راہ نو
منزلوں کی ضوفشانی، ماہ نو

کیسے ہوگا اک نیا کل استوار
کس پہ ہوگا زندگی کااعتبار

دین کیا اور دین کے اسرار کیا؟
دانش و تہذیب کے اظہار کیا؟

ہے زعیم وسعت افلاک کیا؟
ہے شمیم ندرت افلاک کیا؟

سلطنت ہے مصدر عقل سلیم
سلطنت ہے محور عقل سلیم

علم اس کی ابتداء و انتہا
علم اس کی منتہا و مدعا

علم سے روشن جہان زندگی
علم سے روشن متاع بندگی

علم رمز وسعت آفاق نو
ہے بنائے عظمت و اخلاق نو

ہے کلیمی پر تو علم جلیل
ہے ردائے مصطفیؐ اقل قلیل

ہے بنائے لا الٰہ عقل سلیم
ہے سپاہ مصطفیؐ عقل سلیم

اشرف المخلوق انسان علم سے
مظہر یزدان انسان علم سے

منصب پیغامبر تشہیر علم
محور پیغامبر تنویر علم

عفت وعصمت مقام علم ہے
عزت وحرمت نیام علم ہے

دانش وکرم وحریت علم ہے
نازش فکروہدایت علم ہے

علم سے حسن عمل حسن کلام
علم سے رمز فسوں نقش دوام

علم سے تسخیر و تعمیر جہات
علم سے تعبیر وجۂ کائنات

علم سے کھلتے ہیں اسرار حیات
مخزن انوار و رقص کائنات

ہے جہاد زندگی اصل عمل
ہے لزوم زندگی وصل عمل

ہے ردائے زندگی سوز دوام
ہے ادائے زندگی سوز دوام

سوز و ساز زندگی جہد و عمل
نور و نار زندگی جہد و عمل

جستجو، تعمیر نو ہے بندگی
تشنگی تفسیر نو ہے بندگی

آمد پیغامبر ہے انقلاب
انقلاب و انقلاب و انقلاب

آمد پیغامبر تعمیر زیست
سازماں زندگی تفسیر زیست

آمد پیغامبر، ابر بہار
ساخت و پرداختن نقش و نگار

آمد پیغامبر نقش عمل
روزگار بندگی رقص عمل

آمد پیغامبر علم وہدیٰ
حجت وتخلیق نو دست قضا

اتحاد و راستی، دین مبیں
انحراف راستی دین حزیں

آمد پیغامبر اقرار زیست
اضطراب وکشمکش پیکار زیست

آمد پیغامبر اظہار زیست
انتشار فکر نو انوار زیست

فتنہ خیزی شرک کی اصل اصیل
رست خیزی شرک کی نوع جلیل

علم ہی اقدار اور خیر کثیر
علم ہی انوار اور رمز بصیر

ہے نشان عظمت اقوام علم
ہے نشان رفعت اقوام علم

علم سے انوار کی بالیدگی
علم سے افکار کی بالیدگی

جوئبار فکر و انوار جنوں
ہے صدائے لاالٰہ اصل فسوں

لاالٰہ ہے مظہر صدق وصفا
لاالٰہ ہے ورطۂ صبر و رضا

لاالٰہ ہے مصدر علم وعطا
لاالٰہ ہے اصل اسرار بقا

لاالٰہ میں گفتنی موج انا
لاالٰہ میں دیدنی موج فنا

ہے صدائے لاالٰہ شور نشور
ہے صدائے لاالٰہ اصل شعور

ہے ردائے عدل وانصاف وسرور
قاطع ظلم وطغیٰ فسق وفجور

عبدہؐ حسنِ فسونِ دلبری
عبدہؐ نقش جنون و سروری

عبدہؐ ساز و صدائے کائنات
عبدہؐ نور و ردائے شش جہات

عبدہؐ ساز حدیث دلبری
عبدہؐ راز حدیث دلبری

عبدہؐ تار شعور زندگی
عبدہؐ سار شعور بندگی

معنی قرب وحضور ونزد ودور
عبدہؐ بس عبدہ، بین السطور

یک نگاہش مصطفیؐ بحر کرم
در پناہش ہستی خیر الامم

لامکان و لازماں بس ذات حق
ہے انائے جاوداں بس ذات حق

کیا تغیر کیاثبات وکیا شیون
کیا شہود و کیا غیوب و کیا عیون

ارث مومن دانش پیغمبری
ارث جاہل نخوت وجادوگری

ہے ردائے سامری مکروفریب
تار وپود دلبری مکروفریب

زندگی ذوق عمل، نار انا
نغمۂ روئیدگی سار انا

زندگی ہے خواہش وجوش وجنون
زندگی ہے تابش علم وفنون

زندگی جوش انا، صدق وصفا
زندگی کرب وبلا بزم وفا

زندگی تحریک و رزم وقاہری
زندگی تصویر بزم دلبری

زندگی تحصیل نظم جاوداں
زندگی تصدیق امر کن فکان

زندگی ساز وصدائے سوختن
زندگی راز ادائے سوختن

زندگی بازیچۂ عزم جواں
زندگی سازینۂ رقص رواں

گرمئ ناز انا بے نقش نیست
گرمئ ساز فنا بے نقش نیست

سروری ہے محور رزم انا
دلبری ہے مظہر بزم فنا

سروری تفسیر نقش کائنات
سروری تسخیر نظم شش جہات

سروری ہے محور علم و وقار
سروری ہے مصدر بزم بہار

سروری باعزم رقص جاوداں
سروری با بزم نظم کن فکاں

سروری باد صبا باد سموم
سروری باد خزاں نیش رسوم

سروری پیغام حق پیغام زیست
سروری با نظم وشاں انعام زیست

سروری بے سوختن کار عبث
سروری بے جان وتن کار عبث

سروری کی ابتدا علم وادب
سروری کی انتہا علم وادب

سروری سرنامۂ جہد و عمل
اک صدائے کشمکش رزم جمل

کشمکش راز و رموز سروری
کشمکش ناز و نیاز دلبری

کشمکش ہے حاصل رزم حیات
کشمکش ہے معنئ رمز ثبات

کشمکش ہے حامل علم الیقین
کشمکش ہے نازش و نور جبین

کشمکش اصل اصیل کائنات
کشمکش رمز و رموز شش جہات

کشمکش ہے مطلع انوار جان
کشمکش ہے مصدر اقرار جان

کشمکش ہے روح رقص کائنات
کشمکش ہے سرمۂ چشم حیات

گرمئ شور انا ساز فراق
گردش نار انا راز فراق

بندگی نار انا شور نشور
بندگی ساز انا رقص و سرور

رونق رقص انا بدر و حنین
نازش عزم انا رزم صفین

نازش علم و ادا بزم حسینؑ
نازش صدق و سخا عزم حسینؑ

ہے مسلماں نامۂ پیغامبر
ہے مسلماں خامۂ پیغامبر

ہے مسلماں نقش وانوار وفا
ہے مسلماں نظم افکار و عطا

ہے مسلمان حاصل دین متین
ہے مسلمان حامل لوح مبین

ہے مسلمان حامل رطل صمیم
ہے مسلمان کاشف رقص شمیم

سروری آموختم از سروجاں
دلبری آموختم از رقص آں

قاہری آموختم ازیار غار
ناصری آموختم از ذوالفقار

سروری با قاہری ہے دلبری
دلبری با ناصری ہے تشنگی

تشنگی ہے اضطراب جذب وشوق
تشنگی ہے انقلاب و رزم وطوق

تشنگی ہے کشور کشور کشا
تشنگی ہے دفتر عین القضا

تشنگی نقش حدیث دلبری
تشنگی کشف وشہود وانوری

تشنگی ہے اصل رقص کائنات
تشنگی ہے نبض رفتار حیات

تشنگی ہے جستجو در جستجو
رُست خیز و آتش رقص لہو

تشنگی آغاز و سرخیل حیات
زیستن با سوختن ساز ثبات

ہے جنوں دلبری فصل بہار
ہے نگاہ تشنگان رقص وخمار

ہے پناہ جاودان عزم و وقار
ہے نگاہ عاشقان فرق و فشار

آبروئے زندگی جہدو عمل
آبروئے بندگی فہم اجل

ہے نگاہ عاشقاں سوز فراق
ہے پناہ عاشقاں روز فراق

ہے کلید زندگی تفسیر ذات
جستجو، ذوق عمل رمز نجات

نفس غالب خوگر اخلاق نو
تیزبین وتیز فہم وتیز رو

علم ان کا کاشف نقش حیات
تازہ کار وتازہ دم عکس حیات

ہے حلیف محور اسرار نو
یا ردیف انفس واظہار نو

خوش بیان وخوش مزاج وخوش لباس
بیکران وبے نیاز وحق شناس

ہے زمین و آسمان اس کا اسیر
ہے مکان ولامکان اس کا اسیر

ہے ادائے کن فکاں اس کی حلیف
ہے ردائے رمز جاں اس کی نظیف

ہے نحیف و ناتواں روح غلام
نازش واکرام ہے اس پر حرام

ہے تاسف نقش اقوام ذلیل
پیش کار و پیرو جنس رذیل

منکر حق، منکر عقل سلیم
منکر اظہار نو حکم علیم

یہ حریف انفس وآفاق نو
بے خبر از گردش اِشراق نو

بے نوا وبے کس و بے اعتبار
ناشکیب و نارسا بے اختیار

گرمئ جہدوعمل دور زماں
محور سوز عمل عین مکان

کیا زمان و کیا مکاں سوز فراق
ہے زمین و آسماں سوز فراق

گردش افلاک ہے سوز نمو
محور افلاک ہے ساز و سبو

دل نشین و دل کشا حسن عمل
لامکان و لازماں حسن عمل

ہے شرار کشمکش رقص وجود
ہے نگار العطش رقص وجود

نا شناس و ناروا محروم زیست
بے مہار و بے نوا محروم زیست

ہے پیام سید والا یہی
ہے نظام سید والا یہی