بچے کا سوال | مجاہد مغل
روتے روتے بچے کو جب
ماں نے اس کی، دیا کھلونا
بچے نے چپ ہوتے ہی پھر
اک معصوم سوال کیا
اللہ کوہے ہم سے محبت
جتنی ماں کو بیٹے سےہے
اس کو پکارو وہ آتا ہے
ایک نہیں،کئ بار آتا ہے
ایک بار جو اللہ کہہ دو،
ستر بار سنو لبیک
پر احمد دن بھر روتا ہے
اس کو کھانا ملتا نہیں ہے
احمد کے ابا بھی نہیں ہیں
احمد کی امی بھی نہیں ہیں
میں کتنی جلدی سوتا ہوں
دیر رات کو وہ سوتا ہے
مالک کے سونے کے بعد۔
سب برتن دھونے کے بعد
مجھ کو کھلونا مل جاتا ہے
پھر میں بے حد خوش ہوتا ہوں
اس کو کھلونا کیوں نہیں ملتا
سسک سسک کے وہ روتا ہے
میں گاڑی میں بیٹھ کے بھی
کبھی کبھی تھک جاتا ہوں
وہ ننگے پاوں چلتا ہے
کتنی آہیں وہ بھرتا ہے۔
اب تم ہی بتآو، امی جان
جیسے تم ہو میری امی
پیاری امی، اچھی امی۔
میری اور بس میری امی۔
کیا ویسے ہی اللہ بھی ہے
پیارا اللہ، اچھا اللہ
میرا اور بس میراللہ؟
مجاہد مغل, رسرچ اسکالر, شعبہ جغرافیہ, اے۔ایم۔یو، علی گڑھ